بھٹکل:12؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) کووڈ وائرس کا خطرہ اور رہنما خطوط پر عمل آوری اور افسران کی اپیل کوقبول کرتےہوئے 12 جنوری کو تحصیلدار دفتر کے سامنے شروع ہونے والے موگیر طبقے کے دھرنا ستیہ گرہ کو ملتوی کئےجانےکا موگیر سماج کے ضلعی صدر کے ایم کرکی نے اعلان کیا۔
وہ یہاں منگل کو پرائیویٹ ہوٹل میں پریس کانفرنس منعقد کرتےہوئے موگیر طبقے کے دھرنا ستیہ گرہ کے متعلق جانکاری دے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ موگیر سماج کے خلاف افسران، حکومت ، مفاد پرست افراد ،تنظیمیں زور زبردستی کرتے آرہے ہیں۔ اسی کے خلاف 12جنوری سے دھرنا ستیہ گرہ کا فیصلہ لیاگیا تھا۔ لیکن کووڈ کے بڑھتے خطرات اور اس سلسلے میں جاری رہنما خطوط پر عمل آوری لازمی ہونےکی وجہ سے دھرنا ستیہ گرہ ملتوی کیاجارہاہے اس سلسلے میں افسران نے صلاح دی ہے کہ 19جنوری کے بعد آپ اپنے طورپر فیصلہ کرسکتے ہیں۔ اس دوران ہم نے افسران کے سامنے اپنے اہم مطالبات کو رکھا ہے۔
کے ایم کرکی نے بتایا کہ ہماری شکایات اور مسائل کی سماعت کے لئے ڈی سی کو بھٹکل آنا ہوگا۔ کسی کی طرف سے دی گئی شکایت پر موگیر سماج کے ساتھ ناانصافی نہ کی جائے۔ افسران اپنی عقل اور سوچ سے کام لیں۔ ہمارے سماج کو بدنام کرنے اور سماج والوں کو ہراساں کرنے کا کام نہ کریں۔ موگیر سماج کے لوگ ذات کی سرٹیفکٹ مارکیٹ سے نہیں لئے ہیں بلکہ خود افسران نےہی دیا ہے۔ اب ایک دوسراآفیسر سرکاری نظام پر اعتماد نہ کرتے ہوئے ذات کی سرٹیفکٹ کو رد کرنے کا کام نہ کرے۔ اور جن موگیر طبقے کے افراد کی ذات کی سرٹیفکٹ کو رد کرنےکا حکم جاری کیا گیا ہے اس کو واپس لیتے ہوئے موگیر سماج کے ساتھ انصاف کیاجائے انہوں نے موگیر سماج کو سکھ چین سے جینے دینے کی مانگ کی۔
بھٹکل موگیر سماج کے صدر انپا موگیر، بھاسکر گوندا موگیر، جٹگا موگیر، پنڈلک ہیبلے، شری دھر موگیر، گوپال موگیر، ایف کے موگیر، دامودر موگیر، اننت موگیر، کیشوؤ موگیر،کرشنا موگیروغیرہ موجود تھے۔